اسلام آباد،30دسمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو آگاہ کیا۔ انہوں نے سرحدی علاقوں میں سکیورٹی اقدامات اور خوارجیوں کے خلاف جاری آپریشنز پر بھی گفتگو کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن اولین ترجیح ہے اور وفاقی حکومت اس ضمن میں ہر طرح سے سپورٹ کے لیے تیار ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور سہولت کاروں کا خاتمہ مشترکہ اقدامات سے کیا جا رہا ہے اور خوارجیوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے وفاقی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔











