اسلام آباد، 30دسمبر(اے پی پی): پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کا اِن کیمرہ اجلاس چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور قائم مقام صدر آزاد کشمیر و اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے شرکت کی۔
چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر پاک و ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، 7 دہائیوں سے زائد عرصہ سے جموں و کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت سے محروم رکھا گیا ہے، مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے نوجوانوں، دانشوروں اور میڈیا کا متحدہ بیانیہ ناگزیر ہے۔
وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کی کارکردگی قابلِ تحسین ہے، کشمیری عوام درپیش چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں، آزاد کشمیر کی جامعات معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں، آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔











