لاہور، 31 دسمبر (اے پی پی): پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت (پی بی آئی ٹی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 50واں تاریخی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین محمد منتہا اشرف نے کی۔ اجلاس میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں پر نمایاں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل کی معاشی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی بی آئی ٹی محمد منتہا اشرف نے کہا کہ بورڈ ممبران کو چاہیے کہ وہ مختلف شعبہ جات میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی مہارت بروئے کار لائیں اور پی بی آئی ٹی کے ساتھ مل کر بینک ایبل سرمایہ کاری منصوبے تشکیل دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرمایہ کاری کیلئے تیار منصوبوں کی تیاری پی بی آئی ٹی کی اولین ترجیح ہے۔ چیئرمین نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کاری کیلئے انقلابی اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ پنجاب کو عالمی سرمایہ کاری سے مؤثر طور پر جوڑا جا سکے۔ انہوں نے اسٹریٹجک آؤٹ ریچ کے ذریعے سرمایہ کاری کے نئے مواقع متعارف کرانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ اجلاس میں پروجیکٹس اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کی منظوری دی گئی۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پی بی آئی ٹی کی مربوط حکمت عملی پنجاب کی معیشت کو مستحکم کرنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔











