وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نئے سال کے پہلے دن معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری پر جائزہ اجلاس

15

اسلام آباد، یکم  جنوری (اے پی پی ): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نئے سال کے پہلے دن معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری میں اضافہ اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں معیشت سے متعلقہ تمام وزارتوں میں جاری انتظامی، معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پیش کردہ اقتصادی اصلاحات پر مبنی معاشی گورننس پالیسی پر تمام وزارتوں کی جانب سے مؤثر عمل درآمد ناگزیر ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ وزارتوں سے عملی اقدامات اور کم سے کم دورانیہ پر مشتمل جامع حکمت عملی کے لیے تجاویز طلب کر لیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام وزارتیں اپنے شعبوں سے متعلق بیرونی اور اندرونی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے سفارشات جلد از جلد مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی آسانی کے لیے ادارہ جاتی اور انتظامی سہولیات حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ بیرونی اور ملکی سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات دینے کے لیے بھی سفارشات طلب کی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے برآمدات کے شعبے کی ترویج سے متعلق تجاویز اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر معاشی اصلاحات اور مجموعی معاشی ترقی کے لیے تمام وزارتوں کی باہمی ہم آہنگی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کا باہمی تعاون کلیدی کردار رکھتا ہے۔

وزیراعظم نے بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے بیرونی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے مؤثر تعاون یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خصوصی ہدایت دی کہ پاکستانی سفارتخانوں میں سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات اور دیگر اہم معلومات کی ابتدائی آگاہی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے صنعتی پیداوار، زراعت اور دیگر تمام اہم شعبوں پر یکساں توجہ دی جائے۔ اجلاس کے دوران مختلف وزارتوں نے وزیراعظم کو جاری ترقیاتی منصوبوں اور معاشی، ادارہ جاتی و انتظامی اصلاحات پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وفاقی وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز، نیشنل کوآرڈینیٹر ایس آئی ایف سی اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔