ملتان، یکم جنوری (اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ ملتان کی جانب سے سالِ نو 2026 کا بھرپور اور شاندار استقبال کیا گیا۔ تاریخی قلعہ کہنہ قاسم باغ (دمدمہ) پر ٹھیک رات 12 بجے شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا جس نے آسمان کو رنگا رنگ روشنیوں سے سجا دیا۔
آتشبازی دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد قلعہ کہنہ قاسم باغ اور اطراف میں جمع ہوئی، جہاں لوگوں نے براہ راست آتشبازی کا دلکش مظاہرہ دیکھا اور نئے سال کا جوش و خروش سے خیرمقدم کیا۔ بچوں، نوجوانوں اور خاندانوں نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کیا۔
شہریوں نے بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ کو سراہا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو امن و امان اور تفریحی سرگرمیوں کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسے مثبت اور محفوظ اقدامات سے عوام میں خوشی اور اعتماد کی فضا قائم ہوتی ہے۔
تقریب کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے، جس کے باعث شہریوں نے پرامن ماحول میں نئے سال کی خوشیاں منائیں۔











