اسلام آباد، 01جنوری (اے پی پی): پاکستان نے یمن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ پائیدار اور دیرپا پرامن حل کے حصول کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کریں جبکہ ایسے کسی بھی یکطرفہ اقدام سے خبردار کیا ہے جو خطے میں کشیدگی میں اضافے اور عدم استحکام کا باعث بنے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ شام وزیر اعظم شہباز شریف اور مملکتِ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔











