شنگھائی، 6 جنوری )اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شنگھائی کے شہری منصوبہ بندی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں شنگھائی شہر کی ماسٹر پلاننگ، ڈویلپمنٹ اور سہولتوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کو شنگھائی میں شہری سہولیات کے ساتھ ترقی کے تیز رفتار نظام کے بارے بریف کیا گیا۔ انہوں نے وڈیوز اور ماڈلز کے ذریعے شنگھائی کے ترقی کے سفر اور ماسٹر پلان کے بارے آگاہ کیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے شنگھائی کے جدید سہولتوں سے آراستہ سٹیڈیم کا ماڈل بھی دیکھا اور شنگھائی اربن پلاننگ کے تحت تمام معلومات کو جدید طرز پر یکجا کرنے کے نظام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ شنگھائی شہر تیز ترین ترقی میں اپنی مثال آپ ہے اور شنگھائی کی ترقی ہر شہر کے لیے قابل تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو بھی شنگھائی کی طرز پر ڈویلپ کرنا چاہتے ہیں اور شنگھائی کی تیز رفتار ترقی سے استفادہ کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔











