صوبائی وزیر اوقاف چوہدری شافع حسین سے چیئرمین رؤیت ہلال کمیٹی کی ملاقات

11

لاہور، 2 جنوری (اے پی پی): صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین سے چیئرمین رؤیت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر کے دفتر میں ہونے والی اس ملاقات میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور مشیر اوقاف کامران عثمانی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران محکمہ اوقاف کے زیر انتظام مزارات اور مساجد کی تزئین و آرائش کے جاری پروگرام پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ محکمہ اوقاف کی اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کے لیے جاری مہم اور داتا دربار کے توسیعی منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے تحت مساجد اور مزارات کی تزئین و آرائش کا ایک بڑا اور منظم پروگرام جاری ہے، جس کے تحت بادشاہی مسجد کی تزئین و آرائش کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قرآن بورڈ اور متحدہ علماء بورڈ کو بھی جلد فعال کر دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ داتا دربار کے لیے کینوپیز (چھتریاں) آئندہ چھ سے سات ماہ میں پہنچ جائیں گی، جس سے زائرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ اوقاف کے امور میں شفافیت اور تیزی لانے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل جاری ہے۔ چوہدری شافع حسین نے زور دیا کہ محکمہ اوقاف کی اراضی کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور ناجائز قابضین کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قبضہ مافیا سے محکمہ اوقاف کی تمام اراضی واگزار کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کمپلیکس کی شاندار عمارت کو دینی علوم کی ترویج اور فروغ کے لیے مؤثر طور پر استعمال میں لایا جائے گا، جبکہ جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ترقیاتی اسکیموں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے اختتام پر خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی۔