انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد

17

لاہور، 02 جنوری (اے پی پی): سنٹرل پولیس آفس میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سال 2026ء کے دوران پولیس فورس کی صحت اور علاج معالجے کے لیے جدید سہولیات میں نمایاں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ تمام بڑے شہروں میں پولیس کیئر ویل ہسپتال گوجرانوالہ کی طرز پر جدید سہولیات سے آراستہ پولیس ویلفیئر ہسپتال قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کثیر تعداد میں ملازمین کے استفادے کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس ویلفیئر ہسپتال گنجان آباد علاقوں میں تعمیر کیے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ پولیس ویلفیئر ہسپتالوں میں پولیس ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو جدید اور معیاری طبی سہولیات مکمل طور پر مفت فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے سابق سی پی او گوجرانوالہ رانا محمد ایاز سلیم کی زیر نگرانی جدید لیب اور طبی سہولیات سے آراستہ کیئر ویل (پولیس ویلفیئر) ہسپتال کے قیام کو شاندار اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کیئر ویل پولیس ہسپتال گوجرانوالہ فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کے حوالے سے دیگر ریجنز اور اضلاع کے لیے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر آر پی او ساہیوال ایاز سلیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس ویلفیئر ہسپتال گوجرانوالہ میں پولیس ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو 12 مختلف شعبہ جات میں جدید علاج معالجے کی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں معروف کنسلٹنٹس، جدید ترین مشینری کے ذریعے تشخیص اور علاج کی سہولیات دستیاب ہیں، جبکہ عام شہریوں کو بھی نسبتاً ارزاں نرخوں پر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں جنرل سرجری، گائنی، کارڈیالوجی، امراضِ چشم، بچوں کے امراض، ڈینٹل، آرتھوڈونٹکس، جنرل میڈیسن، ای این ٹی، فزیوتھراپی، سائیکالوجی اور ریڈیالوجی سمیت متعدد شعبوں میں علاج کی سہولت موجود ہے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ذیشان اصغر، اے آئی جی ڈویلپمنٹ ڈاکٹر محمد رضوان، اے آئی جی لاجسٹکس عبداللہ لک نے شرکت کی جبکہ تمام آر پی اوز بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔