کراچی: رینجرز ٹریننگ سینٹر میں رینجرز ریکروٹس کی 33ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ

17

‎کراچی ، 3 جنوری ( اے پی پی): کراچی کے رینجرز ٹریننگ سینٹر اینڈ اسکول میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے ریکروٹس کی 33ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

‎تقریب کے آغاز پر ڈی جی پاکستان رینجرز (سندھ) نے مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا، جبکہ رینجرز کے چاک و چوبند دستے نے شاندار انداز میں سلامی پیش کی۔

‎ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق دورانِ تربیت بہترین کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

‎پاسنگ آؤٹ پریڈ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور ریکروٹس کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران کیمَل اسکواڈ اور اینٹی ٹیرارسٹ اسکواڈ کے عملی مظاہروں کو حاضرین نے بھرپور انداز میں سراہا۔

‎وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیابی سے تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان رینجرز (سندھ) کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے ملکی سلامتی کے لیے رینجرز کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

‎ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق وزیر داخلہ نے مئی 2025 میں آپریشن بنیان المرصوص کے دوران پاک فوج کے شانہ بشانہ رینجرز کے مؤثر کردار کا بھی ذکر کیا اور ملکی تحفظ کے لیے دی جانے والی قربانیوں اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

‎تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سندھ رینجرز دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سیکیورٹی فرائض کی ادائیگی کے لیے پُرعزم ہیں اور کراچی میں قیامِ امن کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔