اسلان آباد، 10 جنوری( اے پی پی): پاکستان اور انڈونیشیا نے دوطرفہ تجارتی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کے قیام پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس پیش رفت کا مقصد باہمی تجارت میں اضافہ اور ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
یہ معاہدہ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور انڈونیشیا کی نائب وزیر تجارت کی قیادت میں ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کے دوران طے پایا۔ مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام سے تجارتی مسائل اور مواقع پر باقاعدہ مشاورت ممکن ہو سکے گی۔
پاکستان نے جکارتہ میں سنگل کنٹری نمائش اور بزنس فورم کے انعقاد کا اعلان کیا۔ انڈونیشیا نے پاکستانی معدنیات، دواسازی، کاسمیٹکس اور زرعی اجناس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
دونوں ممالک نے ترجیحی تجارتی معاہدے کو وسعت دے کر جامع اقتصادی شراکت داری کی جانب پیش رفت پر اتفاق کیا۔ انڈونیشیا نے پاکستانی پھل، چاول اور صنعتی آلو کے لیے بہتر مارکیٹ رسائی پر غور کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیر تجارت نے پام آئل کو پاکستان کی غذائی ضروریات کا اہم جزو قرار دیا۔ پاکستان اور انڈونیشیا نے چار ارب ڈالر سے زائد دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔











