کمشنر عامر کریم خاں کا ملتان ایونیو کا دورہ، ترقیاتی کاموں کی بروقت اور معیاری تکمیل کی ہدایت

9

ملتان، 12 جنوری (اے پی پی ):  کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ملتان ایونیو کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

 اس موقع پر انہوں نے منصوبے کی رفتار، معیار اور تکمیل کے شیڈول پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی کام مقررہ مدت میں اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔

  کمشنرعامر کریم خاں نے کہا کہ ملتان ایونیو کو جدید شہری معیار کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے نظام میں بھی نمایاں بہتری لائے گا۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوامی سہولت اور طویل المدتی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیے جا رہے ہیں اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے ترقیاتی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اس موقع پر ایس ای ہائی ویز غلام نبی نے کمشنر ملتان کو منصوبے کی مجموعی پیش رفت، رفتار اور معیار کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور تمام مراحل طے شدہ معیار کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں۔کمشنر ملتان نے ہدایت کی کہ کام کے دوران شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ  کیا جائے تاکہ شہریوں کو ایک دیرپا اور مؤثر منصوبہ فراہم کیا جا سکے۔