اسلام امن کا دین ہے، قومی پیغام امن کمیٹی کا مقصد پیغام پاکستان کو عملی جامہ پہنانا ہے، پیغام پاکستان ایک متفقہ اور مضبوط دستاویز ہے، حافظ طاہر محمود اشرفی

14

اسلام آباد۔12جنوری  (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلام امن کا دین ہے، قومی پیغام امن کمیٹی کا مقصد پیغام پاکستان کو عملی جامہ پہنانا ہے، پیغام پاکستان ایک متفقہ اور مضبوط دستاویز ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی پیغام امن کمیٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قومی پیغام امن کمیٹی کانفرنس کی صدارت وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کی۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی کا قیام دراصل پیغام پاکستان کو معاشرے میں نچلی سطح سے  قومی سطح تک عملی طور پر لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان آئین پاکستان کے بعد بلا شبہ ایک بڑی مضبوط دستاویز ہے جس کے لیے علماء کرام نے بہت محنت کی ہے، اس دستاویز سے سے دیگر اسلامی ممالک استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جامعۃ الازہر پیغام پاکستان کو عربی زبان میں شائع کر چکی ہے جبکہ  پیغام پاکستان کی دستاویز پر امام کعبہ امام مسجد نبوی اور شیخ الاظہر نے دستخط کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایسے ہوا ہے کہ قومی سطح کی کمیٹی میں اقلیتوں کو شامل کیا گیا ہے، معاشرے میں تشدد پسند رویوں کے خاتمے کے لیے ممبرومحراب  کا کلیدی کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے کثیر سرمایہ خرچ کر کے پاکستان میں شیعہ سنی فساد برپا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی کا پہلا اجلاس پشاور میں رکھا گیا ہے تاکہ پیغام دیا جا سکے کہ اسلام دین امن ہے جو پیغام پاکستان میں کہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پیغام پاکستان کو ایک قانونی شکل دی جائے۔

 حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان سے محبت رکھنے والا ہر شہری جانتا ہے کہ فتنہ الخوارج کیا ہے اور کس طرح ملک کو نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد یہ ہے کہ پیغام پاکستان ہمارے معاشرے کا حصہ بن جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے دفاعی طور پر مضبوط ہے، اسی طرح ہمیں اپنے ملک  کو معاشی طور پر بھی مضبوط بنانا  اور اس کو فلاحی جمہوری ریاست کی طرف آگے بڑھانا ہے۔ کانفرنس میں ملک بھر سے علماء کرام اور مشائخ عظام موجود تھے۔