اسلام آباد، 13 جنوری (اے پی پی): اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے یوکرین میں امن و سلامتی کی بحالی سے متعلق سلامتی کونسل کے بریفنگ اجلا س میں کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری یوکرین میں جاری بے لگام لڑائی پر شدید تشویش کا شکار ہے،جس کے نتیجے میں جانوں کا ضیاع، وسیع پیمانے پر تباہی، بھاری معاشی نقصانات اور بے پناہ انسانی تکالیف نے جنم لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم حالیہ دنوں میں لڑائی میں شدت اور دونوں جانب سے حملوں میں اضافے پر سخت تشویش رکھتے ہیں، جس سے پہلے ہی سنگین انسانی صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے۔ اس طرح کے اقدامات نہ صرف تنازع کو طول دیتے ہیں بلکہ اعتماد کو مجروح کرتے ہیں اور امن کے لیے جاری کوششوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔
انہوں نے کہ کہ شہریوں اور شہری تنصیبات کا تحفظ ایک بنیادی ذمہ داری ہے اور بین الاقوامی انسانی قانون کے اصولوں کی اساس ہے، جس کی مکمل پاسداری تمام فریقوں پر لازم ہے۔
انہوں نے کیف میں قطر کے سفارت خانے کو پہنچنے والے مبینہ نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سفارتی مشنز کا تحفظ اور ان کے عملے کی سلامتی بین الاقوامی قانون کے تحت ایک لازمی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موقف ہے کہ پائیدار امن کے لیے مکالمے کی بالادستی ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔ آج پہلے سے کہیں زیادہ عالمی رائے عامہ اس تنازع کے پرامن طریقوں سے خاتمے کے حق میں ہے۔ یہ مقصد صرف مسلسل، بامعنی اور منظم مکالمے کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔











