حکومت پاکستان اور جاپان کے درمیان 2.91 ارب جاپانی ین مالیت کے گرانٹ معاہدے پر دستخط

27

اسلام آباد، 13 جنوری(اے پی پی ): حکومتِ پاکستان اور جاپان کے درمیان جنوبی پنجاب میں بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات میں بہتری سے متعلق منصوبہ پر دستخط ہوگئے۔ اس حوالے سے 13 جنوری کو وزارت اقتصادی امور میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔

حکومتِ جاپان نے جاپانی گرانٹ اِن ایڈ کے تحت جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے ذریعے اس منصوبے کے لیے 2.91 ارب جاپانی ین (تقریباً 18.62 ملین امریکی ڈالر) کی منظوری دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد چلڈرن ہسپتال اور انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (آئی سی ایچ) ملتان میں تشخیصی اور علاج معالجے کے نظام کو مضبوط بنانا اور سہولیات کی توسیع اور ضروری طبی آلات کی فراہمی کے ذریعے اسے خطے کے واحد ٹرشری کیئر کے ہسپتال کے طور پر مزید مؤثر بنانا ہے۔ یہ منصوبہ زیادہ خطرے سے دوچار نوزائیدہ بچوں، شیر خوار بچوں اور بیماریوں میں مبتلا بچوں کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے میں معاون ہوگا، جس کے نتیجے میں جنوبی پنجاب اور ہمسایہ صوبوں میں بچوں کے لیے صحت کی خدمات کے معیار میں بہتری آئے گی۔

ایکسچینج آف نوٹس پر پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم، اور جاپان کی طرف پاکستان میں تعینات سفیر اکا ماتسو شوئچی نے ہوئے دستخط کیے۔

سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے جاپانی حکومت اور عوام کی قیمتی معاونت کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ منصوبے کے کامیاب نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی، اور دونوں ممالک کے درمیان مزید بامعنی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

اس موقع پر جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے حکومتِ جاپان کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ حکومتِ پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی تاکہ دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔