کوئٹہ،13 جنوری(اے پی پی): صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال کی زیر صدارت منگل کوصوبائی ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اپنے افتتاحی کلمات میں علی اصغر سیال نے صوبائی ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے امور اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر الیکشنز اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کے علاوہ صوبائی ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نادرا، یونیورسٹیز، میڈیا، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور مختلف سول سوسائٹی آرگنائزیشنز کے نمائندے شامل تھے۔اجلاس میں بلوچستان کے مختلف اضلاع کی ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز اور درپیش مسائل زیر بحث آئے۔ میٹنگ کے دوران شرکاءنے انتخابی عمل میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت یقینی بنانے کیلئے مختلف تجاویز دیں۔ شرکاءنے کہا کہ خواتین کے شناختی کارڈز کے اجراءکیلئے مختص موبائل رجسٹریشن وینز کی تعیناتی کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ نوجوانوں کی جمہوری عمل میں زیادہ سے زیادہ شمولیت سے جمہوری نظام مزید مستحکم ہو گا، لہٰذا یونیورسٹیوں، کالجوں اور اسکولوں کی سطح پر منظم اور جامع سیمینارز منعقد کیے جائیں۔ شرکاءنے مزید کہا کہ معاشرے کے محروم طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کا مستند ڈیٹا اکٹھا کیا جائے تاکہ منظم اور ٹھوس حکمتِ عملی تیار کی جا سکے۔











