ملتان،14 جنوری(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیقی نے شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے حل کیلئے خصوصی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے ضلعی محکموں اور ٹریفک پولیس کو مؤثر ٹریفک کنٹرول کے لیے خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گنجان سڑکوں اور مصروف چوکوں پر سمارٹ ٹریفک پلان فوری طور پر نافذ کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آ سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف ٹریفک آفیسر کاشف اسلم نے ٹریفک کنٹرول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیقی نے پولیس کو ہدایت کی کہ ٹریفک سگنلز پر سختی سے عملدرآمد اور ہیلمٹ پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں مناسب تبدیلی سے ٹریفک کے بہاؤ کو کنٹرول کیا جائے گا، جس سے رش میں نمایاں کمی آئے گی۔
چیف ٹریفک آفیسر کاشف اسلم نے بتایا کہ شہر میں ٹریفک کو تین شفٹوں میں مؤثر انداز میں کنٹرول کیا جا رہا ہے جبکہ تمام چوکوں اور شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھرپور کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کے تعاون سے ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔











