پائیدار معاشی ترقی کیلئے اصلاحات ناگزیر، حکومت برآمدات پر مبنی ترقی کو فروغ دینے کیلئے پُرعزم،مشیر برائے نجکاری محمد علی

12

اسلام آباد، 14جنوری(اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ ماضی کی غلط معاشی  پالیسیوں کے باعث نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہوئی اور قرضوں میں اضافہ ہوا، جس کے اثرات آج معیشت کو درپیش چیلنجز کی صورت میں سامنے ہیں۔

پاکستان پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں اور حکومت برآمدات پر مبنی ترقی کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔  انہوں نے کہا کہ نجکاری کوئی نظریاتی منصوبہ نہیں بلکہ مارکیٹ میں موجود خرابیوں کو درست کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط معیشتیں وہی ہوتی ہیں جہاں ادارے درست انداز میں کام کریں اور جدید معاشی ری سیٹ کے لیے مائنڈ سیٹ میں تبدیلی ناگزیر ہے۔ پاکستان میں صلاحیتوں کی کمی نہیں، اصل ضرورت عوام اور سرمائے کو متحرک کرنے کی ہے۔

مشیرِ نجکاری نے کہا کہ پالیسی ساز، کاروباری طبقہ اور تعلیمی ماہرین معاشی اصلاحات کے لیے ایک پیج پر ہیں، جبکہ میکرو اور مائیکرو معاشی اشاریوں کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچہ جاتی اصلاحات بھی ناگزیر ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی ترقی کے عمل میں خواتین کی شمولیت نہایت ضروری ہے اور پائیدار ترقی کے لیے جامع، مسلسل اور ادارہ جاتی اصلاحات ہی واحد راستہ ہیں۔