وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت لاہور میں ترقیاتی کاموں کی سخت نگرانی، ڈپٹی کمشنر کا فیلڈ دورہ

15

لاہور، 15 جنوری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی سخت نگرانی کا عمل جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل راوی میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) کے تحت جاری اور مکمل ہونے والی ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے حاجی کوٹ اور کالا خطائی روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا موقع پر معائنہ کیا اور منصوبوں کے معیار، رفتار اور تکمیل کے مراحل کا فیلڈ میں جا کر جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، اسسٹنٹ کمشنر راوی، واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی کے افسران بھی ہمراہ تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر راوی نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کے تحت جاری ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر لاہور نے بعض مقامات پر سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور گلیوں میں مین ہولز کے ڈھکن غائب ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ گلیوں کی کھدائی کرنے والے شہریوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں میں ہونے والی غلطیوں اور سڑکوں و گلیوں کی ٹوٹ پھوٹ کو فوری طور پر درست کیا جائے اور غائب مین ہولز کے ڈھکن بلا تاخیر لگائے جائیں، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے واسا، ایل ڈبلیو ایم سی اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ کام کی بروقت تکمیل اور بعد ازاں مؤثر سرویلینس کے لیے بہترین کوآرڈینیشن یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر راوی کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں خود موجود رہ کر ٹھیکیداروں کے کام کی سخت نگرانی کریں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق لاہور کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہریوں کو بہترین اور پائیدار انفراسٹرکچر فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غفلت برتنے والے افسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ ہمارا مقصد شہریوں کی سہولت کے لیے ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کرنا ہے۔