کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان ڈویژن میں رمضان المبارک کے انتظامات کا جامع جائزہ اجلاس

14

ملتان، 17 جنوری (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ماہِ صیام کے انتظامات کے حوالے سے ایک جامع جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیشگی، مربوط اور مؤثر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک سے قبل اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تعین ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے، تاکہ قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے کھجور، بیسن، دالیں، دودھ اور سبزیوں سمیت دیگر ضروری اشیاء کی طلب و رسد کا ڈیٹا سائنسی بنیادوں پر مرتب کرنے پر زور دیا۔اجلاس میں گزشتہ سال کے رمضان بازاروں، قیمتوں کے تعین اور ڈیمانڈ اینڈ سپلائی مینجمنٹ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے ٹرانسپورٹیشن اور سپلائی چین کا پیشگی اور باریک بینی سے جائزہ لینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں مصنوعی اضافے کو ہر صورت روکا جائے۔کمشنر عامر کریم خاں نے ماڈل اور سہولت بازاروں کو مؤثر انداز میں فعال کرنے اور سبسڈائز ریٹس پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی، تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف میسر آ سکے۔ انہوں نے سرکاری نرخوں کے مکمل اطلاق اور مصنوعی مہنگائی کے خاتمے کے لیے پیرا فورس کو فعال کردار ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔بعد ازاں کمشنر عامر کریم خاں نے انجمن تاجران سے ملاقات کی، جس میں باہمی مشاورت سے نرخ فکس کرنے اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران ممکنہ مسائل اور اصلاحی تجاویز دو سے تین دن کے اندر ارسال کریں، تاکہ عوامی سہولت میں بہتری کے لیے ملتان ڈویژن کی سفارشات حکومتِ پنجاب کو بھجوائی جا سکیں۔