لاہور، 20 جنوری( اے پی پی): وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں پبلک ٹرانسپورٹ سے تعلق رکھنے والی مختلف ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ، ٹریفک پولیس اور پی ٹی اے سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے حکام بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں پبلک ٹرانسپورٹر کو درپیش مختلف مسائل پر گفتگو کی گئی۔وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے ٹرانسپوٹرز کو درپیش مسائل جلد حل کرانے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ ٹرانسپوٹرز کی تمام شکایات اور تحفظات کو دور کیا جائے گا ۔ نئے رولز یا ترامیم میں ٹرانسپوٹرز کی تجاویز کو بھی زیر غور لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چالان اور جرمانوں پر موجود تحفظات بھی ختم کیے جائیں گے ۔ بلاجواز زیادتی کرنے والے افسران کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔ٹرانسپورٹ سے جڑے تمام معاملات کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ٹرانسپوٹرز کے مسائل کے حل کیلئے آئندہ بھی میٹنگز جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔











