لاہور، 21 جنوری(اے پی پی): پنجاب پولیس کے آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787 پر شہریوں کے مسائل کی مؤثر انداز میں داد رسی کا عمل جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال کے صرف 19 دنوں کے دوران کمپلینٹ سنٹر 1787 پر موصول ہونے والی 3 ہزار سے زائد شکایات کو کامیابی سے حل کر لیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق مقدمات کے اندراج سے متعلق 1606 جبکہ سست تفتیش سے متعلق 445 شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ اسی طرح پولیس سروسز سے متعلق 234، محکمانہ امور و دیگر معاملات سے متعلق 136 شکایات بھی حل کی گئیں۔ ملزمان کی گرفتاری سے متعلق 97، ریکوری سے متعلق 162 اور ناقص تفتیش سے متعلق 72 شکایات کو بھی نمٹایا گیا۔ مزید بتایا گیا کہ جھوٹے مقدمات کی منسوخی سے متعلق 45 اور تفتیش کی تبدیلی سے متعلق 51 شکایات کا بھی ازالہ کیا گیا، جبکہ کمپلینٹ سنٹر 1787 کے ذریعے 18 مغویوں کی بازیابی عمل میں لائی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کو ایس او پیز کے مطابق مقررہ ٹائم لائن کے اندر حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1787 آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مانیٹرنگ کا نظام مزید فعال کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ڈی پی اوز خود 1787 کمپلینٹ سسٹم پر موصول ہونے والی شکایات کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کسی بھی شکایت کی صورت میں بلا جھجھک کمپلینٹ سنٹر 1787 پر رابطہ کریں۔











