ملتان, 24 جنوری (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیرِ صدارت ضلعی محکموں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صفائی، پینے کے پانی، انفراسٹرکچر اور سیوریج سے متعلق جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ مختلف محکموں کی کارکردگی، منصوبوں کی رفتار اور شفافیت کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے واضح کیا کہ عوامی سہولیات کی فراہمی اور سروس ڈیلیوری میں بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے فیلڈ میں عملی اقدامات کے ذریعے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں اور ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیار اور وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی اور احتساب کا نظام نافذ کیا گیا ہے، کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے صفائی، شہر کی خوبصورتی، سڑکوں، نالوں اور سیوریج کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے بتایا کہ عوامی مفاد سے وابستہ منصوبوں کے لیے مناسب فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔











