ملتان،26 جنوری(اے پی پی ): حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی کے تدارک کیلئے اقدامات مزید تیز کر دیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر شہر کے حساس علاقوں میں خصوصی ڈینگی سرویلنس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ محکمہ صحت کو ڈینگی لاروا کی نشاندہی اور فوری تلفی یقینی بنانے کے سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی صدارت میں ڈینگی سے متعلق ضلعی محکموں کا کارکردگی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں انسدادِ ڈینگی اقدامات، فیلڈ سرگرمیوں اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں واضح ہدایات دی گئیں کہ ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے پلازوں اور کمرشل مقامات کو سیل کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی لاروا برآمد ہونے کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ سیزن میں کسی صورت ڈینگی کیسز میں اضافہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔
محمد نعمان صدیق نے کہا کہ عوام کی صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے تمام محکمے فیلڈ میں متحرک رہیں اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت ڈینگی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔











