کوئٹہ26 جنوری (اے پی پی ) : بلوچستان کے خوبصورت سیاحتی شہر زیارت میں شدید برفباری کے باعث سیاحوں کی بڑی تعداد مختلف مقامات پر پھنس گئے ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر پھنسے ہوئے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔ اس دوران سیاحوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ بچوں اور مریض افراد کے لیے ضروری ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی جانب سے سڑکوں کی بحالی، گاڑیوں کو نکالنے اور موسم کی شدت کے باوجود امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ سیاحوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ایف سی بلوچستان (نارتھ) عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
کوئٹہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان ہائی الرٹ، برفباری کے دوران شاہراہیں بحال، امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کے ڈائریکٹر ریلیف آپریشن میر عطاءاللہ مینگل نے کہا ہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے جاری برفباری اور بارشوں کے باعث پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں اور برف ہٹانے کے لیے دن رات کام کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے بلوچستان بھر کی تمام اہم شاہراہوں کو بحال رکھا ہوا ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔











