اسلام آباد ، 27 جنوری (اے پی پی ): وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے منگل کو بنیادی مرکزِ صحت بھکر میں ٹیلی میڈیسن سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس مرکز میں پہلے صحت سہولیات دوپہر دو بجے تک محدود تھیں تاہم اب شہری شام چھ بجے تک طبی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا بھر میں علاج کے رجحانات تبدیل ہو چکے ہیں اور اب ڈاکٹر آن لائن مریضوں کی تشخیص کر رہے ہیں جو ایک نہایت میسر اور مؤثر طریقہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیلی میڈیسن کے ذریعے وہ لیڈی ڈاکٹرز بھی خدمات انجام دے سکیں گی جو عائلی مصروفیات کے باعث عملی پریکٹس سے دور رہتی ہیں جس سے قابل اور ہونہار ڈاکٹرز صحت نظام کا حصہ بنیں گی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح شہریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے اور اس مقصد کے لیے 13 اقسام کی ویکسین فراہم کی جاتی ہیں تاکہ بیماریوں کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔











