ملتان :پنک گیمز میں ڈویژن بھر سے 21 سال سے کم عمر بچیاں 16 مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گی،ڈی ایس او عطاءالرحمٰن

10

ملتان 28 جنوری )اے پی پی):پنک گیمز خواتین کے لیے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر منعقد کیا جانے والا ایک خصوصی ایونٹ ہے، جس میں ملتان ڈویژن بھر سے 21 سال سے کم عمر بچیاں 16 مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گی۔ ڈویژنل اسپورٹس آفیسر عطاءالرحمٰن کے مطابق گزشتہ برس پنک گیمز کا دائرہ صرف انٹر یونیورسٹی سطح تک محدود تھا، جس میں صرف بی زیڈ یو یونیورسٹی نے شرکت کی تھی، تاہم اس سال ایونٹ کو مزید وسعت دیتے ہوئے یونیورسٹیز، گرلز کالجز، گرلز اسکولز، اسپورٹس کلبز اور ٹیوٹا کے تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طالبات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنک گیمز کے لیے ہونے والے ٹرائلز کے دوران تقریباً 167 باصلاحیت کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا، جس کے لیے سینئر اور ویٹرن کھلاڑیوں پر مشتمل سلیکشن کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ سلیکشن کے تمام مراحل کی خود نگرانی کی گئی اور اس بار ٹیموں کی تشکیل مکمل میرٹ پر عمل میں آئی۔ عطاءالرحمٰن کا کہنا تھا کہ یہ ایک خوش آئند امر ہے کہ اس مرتبہ کسی بھی سلیکشن پر نہ کسی ایسوسی ایشن، نہ کلب اور نہ ہی کسی کھلاڑی کی جانب سے کوئی اعتراض سامنے آیا۔

ڈویژنل اسپورٹس آفیسر کے مطابق منتخب ٹیمیں 10 سے 15 فروری تک لاہور میں ہونے والے پنک گیمز میں ملتان ڈویژن کی نمائندگی کریں گی، اور امید ہے کہ اس بار ٹیمیں گزشتہ مقابلوں کی نسبت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔