اسلام آباد، 29 جنوری (اے پی پی): روانڈا کی ہائی کمشنر ہریریمانا فاتو نے وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور روانڈا کے درمیان مشرقی افریقہ تک براہِ راست سمندری راہداری کے قیام پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کراچی سے جبوتی اور ممباسا تک نئی شپنگ لائنز شروع کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ مشرقی افریقہ کی 50 کروڑ صارفین پر مشتمل مارکیٹ تک رسائی پاکستان کا ہدف ہے، جبکہ نئی سمندری راہداریوں سے تجارتی لاگت میں 30 فیصد تک کمی متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی–جبوتی روٹ سے ترسیل کے وقت میں نمایاں کمی آئے گی اور گوادر کو افریقہ کیلئے مستقبل کا اہم برآمدی مرکز بنایا جا رہا ہے۔
جنید انوار چوہدری کے مطابق بہتر بحری روابط سے پاکستانی برآمدات عالمی منڈی میں زیادہ مسابقتی ہوں گی، جبکہ پاکستانی ٹیکسٹائل اور ادویات کیلئے افریقی منڈی میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی–ممباسا روٹ سے علاقائی انضمام مزید مضبوط ہوگا اور نئے سمندری راستے بحرِ ہند میں پاکستان کے بحری کردار کو وسعت دیں گے۔
اس موقع پر روانڈا کی ہائی کمشنر نے کہا کہ روانڈا کی چائے، کافی اور ایووکاڈو کی پاکستان تک رسائی آسان ہوگی اور براہِ راست سمندری روابط سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا۔











