وفاقی وزیرداخلہ کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ

10

کراچی، 31 جنوری ( اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دو گھنٹے طویل دورہ کیا۔ وزیرداخلہ نے امیگریشن کاؤنٹرز پر پراسیس کا جائزہ لیا اور بیرونِ ممالک جانے والے مسافروں سے ملاقات کی، امیگریشن پراسیس کے بارے میں دریافت کیا۔

محسن نقوی نے سعودی عرب جانے والے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات چیک کیں اور ایف آئی اے حکام سے ان کی تصدیق کرائی۔ اس دوران بعض مسافر سوالات کے درست جواب دینے سے قاصر رہے اور ملازمت کے بارے میں بھی صحیح معلومات فراہم نہ کر سکے۔

‎وزیرداخلہ نے نامکمل دستاویزات کے حامل تین مسافروں کو روکنے والے ایف آئی اے کے اے ایس آئی عامر لاشاری کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ اے ایس آئی عامر لاشاری نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ایسے باصلاحیت ایف آئی اے ملازمین ہمارا سرمایہ ہیں۔

‎محسن نقوی نے واضح کیا کہ نامکمل اور بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے حامل مسافروں کو کسی صورت سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ مسافروں کی آڑ میں پیشہ ور بھکاریوں کو بھی ہرگز سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت سب سے زیادہ عزیز ہے اور کسی صورت حرف نہیں آنے دیں گے۔

‎وزیرداخلہ نے کہا کہ درست دستاویزات کے حامل کسی مسافر کو نہ روکا گیا ہے اور نہ روکا جائے گا، جبکہ پاکستان کے وقار کو بلند کرنا اور مسافروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اولین ترجیح ہے۔