“دھی رانی پروگرام” تاریخی سنگِ میل کے قریب، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں فروری میں 5 ہزار اجتماعی شادیوں کا ہدف

8

لاہور، 1 فروری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے فلاحی وژن پر مبنی “دھی رانی پروگرام” تاریخ ساز سنگِ میل کے قریب پہنچ گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صرف 3 فروری سے 16 فروری کے مختصر عرصے میں 5 ہزار اجتماعی شادیوں کا ہدف مکمل کرنے کی تیاری کر لی گئی ہے، جبکہ جون 2026 کا مقررہ ہدف رمضان سے قبل ہی حاصل ہونے جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے تاریخ کے سب سے بڑے اجتماعی شادیوں کے پروگرام کا باقاعدہ شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے ہزاروں غریب والدین کا بوجھ کم ہوگا اور 5 ہزار بیٹیوں کے گھر آباد ہونے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فروری کے صرف 13 دنوں میں بقیہ 3040 اجتماعی شادیوں کا ہدف پورا کیا جائے گا، جبکہ رواں مالی سال کے پہلے فیز میں 1960 اجتماعی شادیاں کامیابی سے کروائی جا چکی ہیں۔
سہیل شوکت بٹ نے واضح کیا کہ “دھی رانی پروگرام” صرف مسلمان نہیں بلکہ ہندو، کرسچن اور ہر مذہب کی بیٹیوں کے لیے یکساں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا نعرہ “ہر بیٹی ہماری بیٹی ہے” اب عملی شکل اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پورے پنجاب میں اجتماعی شادیوں کے دوسرے فیز کا آغاز 3 فروری سے ہوگا۔ فیصل آباد میں 150، ٹوبہ ٹیک سنگھ 70، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں 130، لاہور میں 170، نارروال اور سیالکوٹ میں 100، مظفرگڑھ میں 200، لیہ میں سب سے زیادہ 370، میانوالی میں 250 جبکہ خوشاب اور سرگودھا میں 200، 200 اجتماعی شادیاں منعقد کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ بہاولنگر، پاکپتن، راجن پور، رحیم یار خان سمیت تمام اضلاع میں شاندار تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مستحق بیٹیوں کی شادیوں کے تمام اخراجات وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں محکمہ سوشل ویلفیئر برداشت کرے گا، جبکہ 3040 بچیوں کو وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے 2 لاکھ روپے کا سلامی کارڈ بطور شادی تحفہ دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی سرپرستی میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ “دھی رانی پروگرام”، “ہمت کارڈ” اور اسسٹیو ڈیوائسز جیسے تاریخ کے سب سے بڑے فلاحی پروگرامز کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے، جو حکومت پنجاب کے عوام دوست وژن کا عملی ثبوت ہیں۔