اسلام آباد، 02 فروری ( اے پی پی): برطانوی نژاد پاکستانی پروفیشنل باکسر عامر خان نے بلوچستان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
عامر خان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے حالیہ بزدلانہ حملوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ حملے نہ صرف انسانیت کے خلاف ہیں بلکہ ملک کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی ایک ناکام کوشش ہیں۔انہوں نے کہا کہ
دکھ کی اس گھڑی میں ہم شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے صبرِ جمیل کے لیے دعا گو ہیں۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں ان ماؤں، بہنوں اور خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے یہ واقعات ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ پوری قوم اس مشکل وقت میں متحد ہے اور امن کے قیام کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔











