لودھراں: وزیراعلیٰ پنجاب دہی رانی پروگرام کے تحت 150 جوڑوں کی اجتماعی شادی 16 فروری کو ہوگی

12

لودھراں ،2فروی(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب دہی رانی پروگرام کے تحت ضلع لودھراں میں مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب 16 فروری 2026 کو منعقد ہوگی۔ اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سید وسیم حسن، لیاقت علی گیلانی، اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر لال نند نے اجتماعی شادی کے انتظامات اور پروگرام کی تفصیلات پر بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایک انقلابی اور فلاحی اقدام ہے، جس سے غریب خاندانوں کو بڑا سہارا ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ لودھراں میں 150 جوڑوں کی اجتماعی شادی کے لیے بہترین اور مثالی انتظامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر جوڑے کو فی کس 2 لاکھ 21 ہزار روپے کی سلامی دی جائے گی جبکہ تقریب میں 3500 افراد کے لیے کھانے کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ سکیورٹی، صفائی ستھرائی، میوزیکل بینڈ، فرسٹ ایڈ اور میڈیا کوریج سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔

ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام افسران کو مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی تاکہ تقریب کو کامیاب اور یادگار بنایا جا سکے۔