لاہور، 03 فروری(اے پی پی) : صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے صدر ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گجرات صائمہ سرفراز کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ پیسک ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں خواتین کو معاشی مواقع کی فراہمی کے امور پر بات چیت کی گئی جس میں صوبائی وزیر کی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کو تمام جائز مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ خواتین کو معاشی مواقع کی فراہمی کے بغیر تیز رفتار معاشی ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گزشتہ 2 سالوں کے دوران خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس سکیم سے خواتین بھی مستفید ہو رہی ہیں ۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن ویمن بزنس انکو بیشن سینٹر کی گریجو ایٹس کیلئے بلاسود قرض کی نئی سکیم لارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دستکاروں کیلئے بھی بلاسود قرض سکیم متعارف کرائی جارہی ہے ۔ یہ دونوں سکیمیں آئندہ 2 ماہ تک شروع ہو جائیں گے اور ان سکیموں کے تحت 5 لاکھ روپے تک بلا سود قرض کی فراہمی اور گجرات میں بزنس فسیلیٹیشن سینٹر بن رہا ہے یہاں ویمن بزنس انکو بیشن سینٹر بھی بنے گا جبکہ گجرات انڈسٹریل اسٹیٹ کے دوسرے فلور پر خواتین سرمایہ کاروں کی تربیت کیلئے ویمن بزنس انکو بیشن سینٹر بنے گا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خواتین سرمایہ کاروں کو تربیت کی فراہمی کے بعد کاروباری سرگرمیوں کیلئے بلاسود قرض اور ویمن چیمبر گجرات کے آفس کیلئے مناسب جگہ بھی فراہم کی جائے گی جبکہ پنجاب بھر کی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کا بڑا پروگرام شروع کیا گیا ہے جس میں گجرات کی انڈسٹریل اسٹیٹ کا صنعتی انفراسٹرکچر بھی بہتر بنایا جائے گا ۔ گجرات میں اسی سال نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بھی بنے گی جبکہ نئی انڈسٹریل اسٹیٹ میں خواتین سرمایہ کاروں کیلئے علیحدہ بلاک مختص کیا جائے گا ۔ مزید یہ کہ گجرات میں تھانوں اور پارکوں کو آپ گریڈ کیا گیا ہے ۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ یہاں پہلی عالمی معیار کی سرامکس لیب اور 20 ارب روپے کی لاگت سے شہر میں جدید سیوریج سسٹم پر کام اسی سال شروع ہوگا۔ شہر میں ٹریفک لائثس کا نیا نظام لانے کیلئے اڑھائی کروڑ روپے کے فنڈز منظور ہوچکے ہیں اور ضرورت کے مطابق ٹریفک لائٹس لگیں گی ۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے سروس موڑ بریج میں توسیع کی منظوری جبکہ نگران حکومت سے پہلے والی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر اپنی جیبیں بھریں انہوں نے ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کی بجائے کمیشن کھاتے رہے جبکہ موجود حکومت ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل یقینی بنا رہی ہے ۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے نئی صنعتی پالیسی بھی لائی جارہی ہے ۔ وفد کا خواہاں سرمایہ کاروں کو معاشی مواقع کی فراہمی کے لئے بہترین اقدامات پرچوہدری شافع حسین سے اظہار تشکر کیا ۔ اس موقع پر صدر ویمن چیمبرصائمہ سرفراز نے کہا کہ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے چوہدری شجاعت حسین کے صنعتکار دوست اقدامات کی روایت کو برقرار رکھا اور صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے ہمارے مطالبات مان کر ہماری امیدوں کو پورا کیا ۔ اس موقع پر ایم ڈی پیسک مبین الہٰی،پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ڈائریکٹرز اور متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔











