مظفر آباد،05 فروری(اے پی پی ): وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 05 فروری یومِ یکجہتی کشمیر اہلِ پاکستان اور اہلِ کشمیر کے لازوال رشتے کی علامت ہے،پاکستان اور کشمیر کا رشتہ مذہبی، ثقافتی اور سماجی بنیادوں پر قائم ہے، اہلِ پاکستان ہر حال میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے قیامِ پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل پاکستان سے وابستہ کر لیا تھا، بھارت کے غیر قانونی اقدامات کشمیری عوام نے مکمل طور پر مسترد کر دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 05 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، بھارتی جبر و استبداد کشمیری عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکا۔
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ، وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری عوام حقِ خودارادیت حاصل کریں گے،ریاست جموں و کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق کشمیری عوام کی خواہش ہے۔











