اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا، دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور ان کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس آمد پر ازبکستان کے صدر کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، تقریب کے آغاز پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے ازبکستان کے صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا،شوکت مرزائیوف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے ارکان کو ازبکستان کےصدر سے متعارف کرایا جبکہ شوکت مرزائیوف نے اپنے وفد کے ارکان کا وزیراعظم محمد شہباز شریف سے تعارف کرایا۔شوکت مرزائیوف کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان پہنچا ہے جس میں وفاقی کابینہ کے سینئر وزراء اور کاروباری شخصیات شامل ہیں ۔
ازبکستان کے صدر وزیراعظم کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات میں شرکت سمیت صدر مملکت سے ملاقات کریں گے اور پاک۔ازبکستان بزنس فورم سے خطاب بھی کریں گے ۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور تجارت، توانائی، دفاع، تعلیم، عوامی روابط اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے نئی راہیں تلاش کی جائیں گی۔
ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہے جو پاکستان اور ازبکستان کے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت اور دونوں برادر ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ تعلقات مشترکہ تاریخ، مشترکہ عقیدے اور وسطی و جنوبی ایشیا میں امن و خوشحالی کی مشترکہ امنگوں پر مبنی ہیں۔











