اسلام آباد،7فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ہونے والی دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے ، قوم کے تعاون سے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بناتے رہیں گے
ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ خود کش دھماکے کے متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ، دہشتگرد بزدلوں کی طرح معصوم شہریوں پر حملے کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کارروائی سے بہت سے دہشتگرد منصوبوں کو ناکام بنایا گیا ،دھماکے کی ساری منصوبہ بندی افغانستان سے ہوئی ، خود کش بمبار تربیت کے لئے افغانستان گیا تھا ، افغانستان سے دہشتگردوں کے بہت سے گروہ آپریٹ کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ داعش کو تمام فنڈنگ اور ٹارگٹ بھارت دے رہا ہے، ماسٹر مائنڈ کا تعلق داعش سے ہے اور ہماری حراست میں ہے ، کارروائی کے دوران ایک اہلکار شہید اور تین زخمی ہوئے ۔سیکورٹی اداروں نے دھماکے کے تمام ذمہ داروں کو پکڑ لیا ہے ، نوشہرہ اور پشاور میں 4سہولت کار گرفتار کئے گئے ، آنے والے دنوں مزید بریف کریں گے،گزشتہ رات 3 بجے خود کش بمبار سے رابطے میں رہنے والے تمام افراد پکڑے جاچکے تھے ، سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا نے گرفتاری میں اہم کردار ادا کیا جبکہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کارروائی سے بہت سے دہشتگرد منصوبوں کو ناکام بنایا گیا ۔
انہوں نے کہاکہ بھارت دہشتگردوں کو فنڈنگ اور ٹارگٹس دے رہاہے ، مئی کے بعد بھارت میں دہشتگردوں کی فنڈنگ تین گنا بڑھا دی گئی ہے ،ہمیں ساری چیزوں کا پتا ہے،جس دہشتگرد کو پہلے 500ڈالر مل رہے تھے اس کواب 1500ڈالر مل رہے ہیں ،ایک دن دنیا بھارت کی دہشتگردی پر خاموشی توڑے گی ۔
انہوں نے کہاکہ بی ایل اے کو عالمی سطح پر کالعدم قرار دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کلیریٹی سےبتا رہا ہوں کہ کالعدم تنظیموں کو ساری فنڈنگ اورٹارگٹ بھارت دے رہا ہے، بھارت نے فرنٹ پر اُن دہشت گرد تنظیموں کو رکھا ہوا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بھارت جنگ نہ جیتنے پر اب یہ طریقہ آزما رہا ہے، بھارت چاہے بجٹ 10 گنا بڑھا لے ہم پھر بھی اسے شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ہو یا بلوچستان ہم اس وقت حالتِ جنگ میں ہیں، کمیونٹی کی انٹیلی جنس اہم ہے، دعوے سے کہتا ہوں ایک دھماکا ہوا لیکن 99 دھماکے روکے بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جتنے دہشتگردحملے ہوئے،جو آیا بچ کر نہیں گیا،بی ایل اے وڈیو بناتی ہے جو بھارتی میڈیا پر چلی ہے، انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کارروائی سے بہت سے دہشت گرد منصوبوں کو ناکام بنایا گیا۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی علاقائی خطرہ ہے، دنیا کو آوازاٹھانی چاہیے۔ انہوں ے کہا کہ دشمن دشمن ہے، دشمن کی کیٹیگریز نہیں بنتیں، پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والےکو کیٹیگریز میں تقسیم نہ کریں، دہشت گرد تنظیمیں مل کر کارروائیاں کررہی ہیں اگر دنیا نے آواز نہیں اٹھائی تو دیکھ لے اس کا نقصان کتنا ہوگا۔











