مالی نظم و ضبط و اصلاحات سے ترقیاتی منصوبوں میں نمایاں بچت، رمضان ریلیف پروگرام کا دائرہ بڑھانیکا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال

32

اسلام آباد، 9فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی مہینوں کے دوران ترقیاتی منصوبوں میں مالی نظم و ضبط اور اصلاحات کے باعث نمایاں بچت حاصل ہوئی ہے، جو حکومتی گورننس میں بہتری کی عکاس ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرِاعظم کی جانب سے رمضان ریلیف پیکج کے تحت مستحق خاندانوں کی معاونت کیلئے وظیفے کی منظوری دی گئی ہے اور اس پروگرام کا دائرہ مزید خاندانوں تک بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ کم آمدنی والے طبقات کو مقدس مہینے میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر ماہانہ ترقیاتی رپورٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جہاں حکومتی اصلاحات پر مبنی ایک تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی گئی جس میں جاری اقدامات کی کارکردگی کو سراہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولیوں میں گزشتہ برس کے مقابلے میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے خطیر فنڈز کی منظوری اور اجرا بھی کیا گیا، جن میں سے بڑی رقم خرچ ہو چکی ہے۔

بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا ملکی معیشت پر اعتماد بڑھا ہے جس کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ٹیکس اصلاحات پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے جس سے ٹیکس چوری کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ بدعنوانی سے متعلق تاثر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض حلقوں کی جانب سے پاکستان کی منفی تصویر پیش کی جاتی ہے، حالانکہ کاروباری اداروں کے سرویز میں رشوت کی شرح اس تاثر سے کم بتائی گئی ہے جو عام طور پر پھیلایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے بارے میں مسلسل منفی بیانیہ مایوسی کو فروغ دیتا ہے، جبکہ عالمی مالیاتی اداروں کی سطح پر پاکستان کی معاشی کارکردگی میں بہتری کا اعتراف کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان بتدریج معاشی استحکام اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔