وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے کمبوڈیا کی وزیرِ تجارت چام نمول کی ملاقات

11

اسلام آباد، 10 فروری (اے پی پی): وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے کمبوڈیا کی وزیرِ تجارت چام نمول نے جے ٹی سی سے قبل دوطرفہ ملاقات کی جس میں فریقین نے جے ٹی سی کو تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون بڑھانے کا اہم ترین فورم قرار دیا۔

پاکستان–کمبوڈیا دوسرا مشترکہ تجارتی کمیٹی  اجلاس 10–11 فروری کو اسلام آباد میں ہورہا ہے۔

ملاقات میں وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل خان بھی شریک تھے۔

دوران ملاقات وزیرِ تجارت جام کمال خان نے دوطرفہ اقتصادی روابط میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعاون کے لیے ادویات و ہیلتھ کیئر کو ترجیحی شعبہ قرار دیا گیا۔

ملاقات میں ٹیکسٹائل اور ویلیو ایڈڈ ملبوسات میں شراکت بڑھانے،زراعت اور ایگرو پروسیسنگ میں نئے مواقع، چمڑا اورلائٹ مینوفیکچرنگ میں تعاون بڑھانے کی یقین دہانی اور کاروباری روابط کیلئے چیمبرز آف کامرس اور سیکٹر ایسوسی ایشنز کو فعال بنانے پر اتفاق ہوا۔

ملاقات میں پالیسی بات چیت کو عملی تجارتی نتائج میں بدلنے کیلئے بی ٹو بی روابط مضبوط کرنے کا عزم، تجارت میں آسانی کیلئے ٹریڈ فیسلیٹیشن اور کسٹمز/عملی رکاوٹیں کم کرنے اور  برآمد کنندگان کی سہولت کیلئے مؤثر شپنگ اور علاقائی روابط کی اہمیت پر زور دیا گیا۔