سکھر،10فروری(اے پی پی)مشن سرسبز سکھر کے حوالے سے میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل شجرکاری مہم سسٹینیبل ڈیولپمنٹ گولز کے ان بنیادی مقاصد میں شامل ہے جن پر پوری دنیا متفق ہے، اس منصوبے کے تحت جو شہری پودا خریدنے کی استطاعت رکھتے ہیں وہ اپنی شراکت کے ذریعے پودا لگا سکتے ہیں، جبکہ جو شہری استطاعت نہیں رکھتے ان کے لیے پانچ لاکھ پودے فری آف کاسٹ فراہم کیے جا رہے ہیں۔
میئر سکھر و ترجمان حکومتِ سندھ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے مزید بتایا کہ “مشن سرسبز سکھر” کوئی وقتی سرگرمی نہیں بلکہ ایک جامع اور طویل المدتی کلائمیٹ ایکشن پروگرام ہے، جو تین سو دن (300 Days) تک بلا تعطل جاری رہے گا، اس مہم کے دوران پانچ لاکھ پودے لگانے کے ساتھ ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں بیس (20) نئے پارکس قائم کیے جائیں گے جبکہ اہم شاہراہوں، سڑکوں اور رہائشی علاقوں میں گرین بیلٹس بھی تیار کی جائیں گی، تاکہ شہریوں کو صاف فضا، سایہ دار ماحول اور بہتر معیارِ زندگی میسر آ سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس ڈیجیٹل نظام کے تحت ہر شہری اپنے لگائے گئے پودے کا نام اپنے والدین، دادا دادی، بہن، بیٹی، دوست یا کسی عزیز کے نام پر رکھ سکتا ہے، جو نہ صرف سایہ فراہم کرے گا بلکہ ایک مستقل نیکی اور ماحولیاتی تحفظ کا ذریعہ بھی بنے گا۔











