وزیر داخلہ محسن نقوی کا پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ

13

اسلام آباد،11 فروری (اے پی پی ): وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور ایف سی کے ہسپتال میں زیر علاج زخمی سپاہی عدنان اور سپاہی امتیاز کی عیادت کی۔ یہ دونوں سپاہی فتنہ الخوارج کے حملے ناکام بنانے کے دوران زخمی ہوئے تھے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیر علاج سپاہیوں کی خیریت پوچھی اور علاج معالجے بارے استفسار کیا۔ انہوں نے دونوں سپاہیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی سپاہیوں عدنان اور امتیاز کے بلند عزم اور جذبے کو سراہا ۔

فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران وزیر داخلہ نے فورس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی قربانیوں کو پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے یاد رکھا۔ انہوں نے فیڈرل کانسٹیبلری کو پاکستان کی صف اول کی فورس بنانے کا عزم ظاہر کیا اور اس کے لیے ہر طرح کے وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔