کمشنر ملتان عامر کریم خاں کا فنون و ادب سے وابستہ شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنیکا شاندارومنفرد سلسلہ جاری

14

ملتان 12 فروری )اے پی پی):کمشنر ملتان عامر کریم خاں کا فنون و ادب سے وابستہ شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا شاندار اور منفرد اقدام جاری ہے۔ شہر کی ممتاز ادبی و ثقافتی شخصیات کے گھروں کے باہر اعزازی تختیاں نصب کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

اسی سلسلے میں معروف شاعر، ادیب، نقاد، مترجم اور محقق پروفیسر ڈاکٹر محمد امین کی گراں قدر ادبی خدمات کے اعتراف میں ان کی رہائش گاہ کے باہر اعزازی تختی نصب کر دی گئی۔

ڈاکٹر محمد امین اردو، پنجابی، سرائیکی اور انگریزی زبان میں چالیس سے زائد کتب کے مصنف ہیں۔ ان کا شعری مجموعہ ‘‘شہر درد’’ سمیت متعدد تصانیف علمی و ادبی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔ وہ جنوبی پنجاب کی ادبی شناخت کو نئی جہت دینے والی نمایاں شخصیت ہیں اور قومی و بین الاقوامی اعزازات، بشمول طلائی تمغہ، سے نوازے جاچکے ہیں۔

کمشنر عامر کریم خاں نے اس موقع پر کہا کہ محمد امین جیسے ادیب ہمارے خطے کا فخر ہیں۔ فنکاروں، اساتذہ اور شعراء کی خدمات ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں اور ان کا اعتراف نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

تقریب میں افسران، سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور اس اقدام کو شہر کی ادبی روایت کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا۔