چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور  اقوام متحدہ کے صدر جنرل اسمبلی  اینالینا بیئربوک کی ملاقات

15

اقوام متحدہ، 13 فروری (اے پی پی): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے  اقوام متحدہ کے صدر جنرل اسمبلی  اینالینا بیئربوک سے ملاقات کے دوران کہا کہ جموں و کشمیر کے تنازع کا متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

 پاکستان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے اقوام متحدہ ہیڈکوارٹر میں سالانہ آئی پی یو پارلیمانی سماعت کے موقع پر چیئرمین سینیٹ کی قیادت میں اقوام متحدہ کو کثیرالجہتی تعاون کے مرکزی ستون کے طور پر پاکستان کی غیر متزلزل اور اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔

پاکستان کی ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور تنازعات کےپُرامن حل کی دیرینہ پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے نشاندہی کی کہ جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باوجود بھارت نے مزید عدم استحکام پیدا کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام معاہدے کی شقوں اور سرحد پار آبی وسائل سے متعلق بین الاقوامی عرفی قانون کے مسلمہ اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات 24 کروڑ سے زائد پاکستانیوں کی زندگیوں اور معاش پرسنگین اثرات ڈال سکتے ہیں اور خطرناک مثالیں قائم کرتے ہیں،خصوصاً ایسے وقت میں جب موسمیاتی دباؤ اور پانی کی قلت باہمی تعاون اور بین الاقوامی معاہدوں کے سخت احترام کا تقاضا کرتے ہیں۔

صدر جنرل اسمبلی کی توجہ پاکستان کو درپیش دہشت گردی کے خطرات کی جانب مبذول کراتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ٹی ٹی پی، بی ایل اے، القاعدہ، داعش خراسان (آئی ایس آئی ایل-کے)اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں افغان سرزمین کو بلا روک ٹوک پاکستان کے خلاف استعمال کر رہی ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کے عوام بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کے مشن کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متعدد اور باہم جڑے عالمی بحرانوں کے اس دور میں کثیرالجہتی نظام کو سنگین چیلنجز درپیش ہیں،جن میں اقوام متحدہ کے منشور کی مسلسل خلاف ورزیاں اور طویل عرصے سے زیر التوا سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عدم عملدرآمد شامل ہے۔

بین الاقوامی قانون اور قائم شدہ قانونی ضوابط کی پاسداری میں مجموعی کمی کی نشاندہی کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے خبردار کیا کہ یہ رجحانات عالمی نظام کو کمزور کر رہے ہیں۔

موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ممالک، جو عالمی حدت میں معمولی حصہ ڈالتے ہیں، اس کے شدید اثرات سے متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اجتماعی اقدام، موسمیاتی انصاف اور مضبوط بین الاقوامی تعاون کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر صدر جنرل اسمبلی اینالینا بیئربوک نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردانہ واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر حکومت اور عوامِ پاکستان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد تمام ممالک کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفود کے ساتھ ان کی پہلی باضابطہ ملاقات تھی۔

پاکستانی پارلیمانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے آئی پی یو سالانہ سماعت میں سینئر قانون سازوں کی اعلیٰ سطحی شرکت کو سراہا اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے قابلِ تحسین کردار کی تعریف کی۔

ملاقات میں سینیٹر سلیم مندوی والا، سینیٹر فاروق ایچ نائیک، سینیٹر محمد عبدالقادر اور سینیٹر سید فیصل علی سبزواری بھی شریک تھے۔