اسلام آباد، 16 فروری 2026 (اے پی پی): وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بینظیر بھٹو ہسپتال میں مریضوں کے سہولت مرکز کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں قائم فسیلیٹیشن سینٹر کی طرح یہاں بھی مریضوں کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ہسپتال کی اپگریڈیشن کے تحت اوپی ڈی بلاک، یورولوجی اور ای این ٹی ڈپارٹمنٹ کی نئی عمارتیں اور ایمرجنسی یونٹ بنائی گئی ہیں اور ان منصوبوں سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بھی شکریہ ادا کیا کہ صوبے میں صحت کے نظام کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی طاقتور شخص یا انفرنس رکھنے والے فرد کے بغیر عام شہری سہولت حاصل کر سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی میں مارچ کے اندر گردے کے ٹرانسپلانٹ اور جولائی یا اگست میں جگر کے ٹرانسپلانٹ کا آغاز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایک ہزار بستروں پر مشتمل بچوں کا اسپتال بھی تعمیر کیا جا رہا ہے جس کے لیے ٹنڈر مکمل ہو چکے ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ صحت کے شعبے میں موجودہ سہولیات میں وینٹی لیٹر، ایم آر آئی مشینز، موڈلر آپریشن تھیٹرز اور صفائی کے نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب بینظیر بھٹو ہسپتال میں بھی مریضوں کے لیے فسیلیٹیز کی کمی کو دور کیا جائے گا تاکہ یہ ہسپتال ہولی فیملی ہسپتال کے ماڈل کے مطابق جدید سہولیات فراہم کرے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں گزشتہ سالوں کے دوران بنیادی ڈھانچے اور سہولیات میں نمایاں ترقی ہوئی ہے اور یہی ماڈل اب بینظیر بھٹو ہسپتال میں بھی نافذ کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہترین طبی سہولتیں میسر ہوں۔











