لودھراں: وزیراعلیٰ پنجاب رمضان نگہبان پیکیج کی تقسیم جاری، مستحقین کو شفاف ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت

13

لودھراں ،16 فروری( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب کے رمضان نگہبان پیکیج کے تحت ضلع لودھراں میں مستحق افراد میں رقوم کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

 ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ضلع کونسل ہال میں قائم نگہبان کاؤنٹر کا دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے کاؤنٹر پر موجود بینک آفیشلز کی ورکنگ کا معائنہ کیا اور اس امر پر زور دیا کہ مستحقین کو بروقت اور مکمل ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بینک آف پنجاب کا عملہ کارڈ ہولڈرز کو رقوم کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کرے۔

محمد اشرف نے بتایا کہ مستحقین کی سہولت کے لیے کاؤنٹر پر اے ٹی ایم بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ انہیں فوری طور پر رقم کے حصول میں آسانی ہو۔

انہوں نے واضح کیا کہ رمضان نگہبان کارڈز ہولڈرز کی رقوم میں کٹوتی سے متعلق شکایات پر سخت ایکشن لیا جائے گا اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ اربن یونٹ کے شمار کنندگان مستحقین کو اے ٹی ایم کارڈز ان کے گھروں تک پہنچا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مستحقین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور تقسیم کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔