رحیم یار خان۔16فروری (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے بستی رنجھے خان کا دورہ کیا اور گوپانگ قبیلے کے چیف مرحوم سردار رنجھے خان گوپانگ کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔
صدر مملکت نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لئے دعا کی۔ انہوں نے مرحوم کے بھائی سردار حبیب الرحمٰن خان گوپانگ سے بھی ملاقات کی جو رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) اور پاکستان پیپلز پارٹی رحیم یار خان کے ضلعی صدر ہیں۔
اس موقع پر گوپانگ قبیلے کے معززین اور عمائدین بھی موجود تھے۔ انہوں نے اس مشکل گھڑی میں خاندان کے ساتھ کھڑے ہونے اور ذاتی طور پر تعزیت کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔یہ دورہ یکجہتی، قبائلی قیادت کے احترام اور رحیم یار خان کی مقامی برادری کے ساتھ سیاسی قیادت کے مضبوط تعلق کا مظہر تھا۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے مرحوم سردار کے بڑے صاحبزادے چیف سردار نورالزمان خان گوپانگ کی دستار بندی کی اور انہیں باقاعدہ طور پر قبائلی قیادت کا اعزاز اور ذمہ داریاں سونپیں۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، رکن قومی اسمبلی مخدوم مصطفیٰ محمود اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب مخدوم احمد محمود بھی اس موقع پرموجود تھے۔











