ملتان میں رمضان المبارک کیلئے خصوصی انتظامات ، گرانفروشوں کے خلاف آہنی کارروائی ہوگی: کمشنر عامر کریم خاں

15

ملتان،17فروری(اے پی پی ): کمشنر عامر کریم خاں نے تمام سرکاری محکموں کو ماہِ صیام کے دوران بہترین انتظامات یقینی بنانے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا ہے کہ افسران و اہلکار ڈیوٹی کے ساتھ اللہ کی رضا اور ثواب کی نیت سے شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔

کمشنر نے افسران کو احترامِ رمضان آرڈیننس پر ہر صورت عملدرآمد کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اوپن مارکیٹوں میں سرکاری نرخ نامے واضح طور پر آویزاں کرائے جائیں اور گرانفروش و ذخیرہ اندوز مافیا کے خلاف آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔

کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تحصیل سطح پر رمضان نائٹ اسپورٹس ایونٹس کے انعقاد کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ کمشنر نے مساجد کی خصوصی صفائی مہم چلانے، کریٹیکل مارکیٹس میں پیٹرولنگ اور واضح برانڈنگ یقینی بنانے، جبکہ بڑے اسٹورز میں ڈی سی کاؤنٹر نمایاں مقام پر قائم کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے نگہبان کارڈ کی روزانہ کی کارکردگی رپورٹ رات تک ارسال کرنے کی ہدایت کی اور مخیر حضرات کے تعاون سے دسترخوان کے ساتھ راشن بیگز کی تقسیم اسکیم شروع کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

کمشنر نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کو تمام اسٹریٹ لائٹس فنکشنل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سحری و افطاری کے اوقات میں شہریوں کو سہولت اور اسٹریٹ کرائم کے سدباب کیلئے روشنی کا موثر انتظام ناگزیر ہے۔ واسا کو سیوریج کے پانی کی بروقت نکاسی اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے جبکہ میپکو کو سحر، افطار اور تراویح کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ماہِ صیام کے مقدس مہینے میں صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھا جائے اور “ٹیم ملتان” سے بہترین کارکردگی کی توقع ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔