او آئی سی سیکرٹریٹ کے وفد کی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات، 9ویں وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی تیاریوں پر تبادلہ خیال

12

اسلام آباد، 18 فروری(اے پی پی ): اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹریٹ کے وفد نے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی، وفد کی قیادت اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل، سفیر طارق بخیت  نے کی۔

ملاقات میں 9ویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آگاہ کیا گیا کہ پاکستان جولائی 2026 میں کانفرنس کی میزبانی کرے گا جس کے لیے انتظامی اور سفارتی سطح پر تیاریاں جاری ہیں۔

وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے بروقت اور مؤثر انتظامات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ ناگزیر ہے۔

اجلاس کے دوران او آئی سی ٹیکنیکل ارینجمنٹ (OTA) پر دستخط بھی کیے گئے۔ کانفرنس کے ایجنڈا اور ترجیحات پر تفصیلی گفتگو ہوئی جبکہ مختلف متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

فریقین نے او آئی سی سیکرٹریٹ کے ساتھ قریبی رابطہ اور تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا تاکہ کانفرنس کے انعقاد کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔