کوئٹہ۔ 18 فروری (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ پولیس کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ان کے استعداد کار کو بڑھانے کے لئے اے ٹی ایف میں ایک ہزار افراد کی بھرتی اور سی ٹی ڈی کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کر کے پولیسنگ کے نظام میں مزید بہتر ی لارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے 106ویں پاسنگ آٹ پریڈ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی و کمانڈنٹ بی سی اشفاق احمد ، کمانڈنٹ پی ٹی سی شہزاد اکبر، ایس ایس پی ایڈمن دوستین دشتی ، ایس ایس پی ایس سی آئی ڈبلیو ڈاکٹر سمیع ملک ، اے آئی جی ویلفیئر فریال فرید سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے ۔
پولیس ٹریننگ کالج کے کمانڈنٹ شہزاد اکبر نے بتایا کہ 106ویں پاسنگ آٹ پریڈ میں فارغ ہونے والے اہلکاروں کو سات ماہ پر مشتمل بیسک ٹریننگ کورس کرایا گیاجس میں 868 اہلکاروں نے تربیت مکمل کی، جن میں 826 مرد اور 42 خواتین ریکروٹس شامل ہیں۔ تربیت مکمل کرنے والے اہلکار باقاعدہ طور پر پولیس فورس میں شامل ہو کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ وردی کا وقار اور صاف ذہن ایک اچھے افسر کی پہچان ہیں اپنے رویے میں بہتری لا کر پولیس اور عوام کے درمیان بہتر دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنا ئیں گے ہم عوام کے تعاون جرائم پر قابو پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی فورس (اے ٹی ایف) میں ایک ہزار نئی بھرتیاں جبکہ کوئٹہ پولیس کو بلٹ پروف گاڑیاں ، جدید ساز و سامان فراہم کیا جائے گا اور سی ٹی ڈی کی تربیت میں جدت لائی جائے گی تاکہ دہشت گردی اور سنگین جرائم کا موثر مقابلہ کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ خضدار لیویز ٹریننگ سینٹر کو پولیس ٹریننگ سینٹر میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور پی ٹی سی میں اس وقت لیویز کے 600 اہلکار بھی زیر تربیت ہیں۔جس سے ان کے فرائض کی بجا آوری میں بہتری آئے گی پولیس کی تربیت کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے کیونکہ پولیس نے ہر قسم کے جرائم، دہشت گردی اور سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے۔











