اسلام آباد،19فروری(اے پی پی):وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی سے نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سگرٹ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں خطے میں امن ، بھائی چارے ، مکالمے کے فروغ اور اسلاموفوبیا کے خلاف مل کر کام کرنے کے عزم پر زور دیا گیا۔
دونوں رہنماوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ، اقلیتوں کے حقوق اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر مملکت بین المذاہب ہم آہنگی نے کہا کہ قائد اعظم کی 11 اگست 1947 والی تقریر میں اقلیتوں کے برابری کے حقوق واضح ہیں اور آئین پاکستان یہاں بسنے والی مذہبی اقلیتوں کو بھرپور تحفظ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت ملک بھر میں بین المذاہب اجتماعات اور مکالمے کو فروغ دے رہی ہے، اور حکومتی ویژن کے مطابق تمام اقلیتوں کے مذہبی تہوار سرکاری سرپرستی میں منائے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزارتِ مذہبی امور نے اقلیتوں کے لیے فلاح و بہبود فنڈ کے تحت غیر مسلم بچوں کو تعلیمی وظائف فراہم کیے ہیں اور مذہبی عبادتگاہوں کی مرمت اور تزئین و آرائش میں بھی خاطر خواہ اقدامات کیے ہیں۔ مختلف کانفرنسز، مکالمے اور مذہبی پروگراموں کے انعقاد کے ذریعے مسلمان ، مسیحی، ہندو، سکھ اور دیگر برادریوں کے نمائندے امن، احترام اور اشتراک عمل کے موضوعات پر بات چیت کرتے ہیں۔
نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سگرٹ نے کہا کہ پاکستان متنوع مذاہب، ثقافت اور زبانوں کے حامل بے مثال لوگوں کا وطن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیدرلینڈز میں بین المذاہب ہم آہنگی کی وزارت موجود نہیں، اور وہ پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ملک انسانی حقوق کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور ہر قسم کے امتیاز کی حوصلہ شکنی کرتا ہے۔ نیدرلینڈز کی حکومت پاکستان کے ساتھ دوستی کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے خطے میں امن ، بھائی چارے ، مکالمے کے فروغ اور اسلاموفوبیا کے خلاف مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔











