پنجاب پولیس کی جانب سے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات مکمل، 83 ہزار سے زائد اہلکار تعینات

11

لاہور، 19 فروری (اے پی پی):  یکم رمضان المبارک کے موقع پر پنجاب پولیس کی جانب سے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبے کی 32 ہزار سے زائد مساجد، 2 ہزار سے زائد امام بارگاہوں اور 500 سے زائد اقلیتی عبادت گاہوں کیلئے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی مقامات کی حفاظت کیلئے 83 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکاروں اور کمیونٹی رضاکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مساجد، امام بارگاہوں اور مارکیٹوں کی سکیورٹی پر 18 ہزار افسران و اہلکار اور کمیونٹی رضاکار ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔ حساس مساجد اور امام بارگاہوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے چیکنگ کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ اہم مذہبی مقامات کے اطراف سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت جاری کی ہے کہ پولیس ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھے اور مساجد، امام بارگاہوں سمیت اہم مقامات کی سکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے۔ انہوں نے علما کرام اور مشائخ عظام سے اپیل کی کہ وہ ممبر و محراب سے بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کے پیغام کو فروغ دیں۔ آئی جی پنجاب کے مطابق سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں ڈولفن اسکواڈ، پیرو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں عبادت گاہوں کے گرد مؤثر پٹرولنگ کریں گی جبکہ سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ مزید ہدایت کی گئی ہے کہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز خود سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں اور مساجد کے منتظمین و امن کمیٹیوں کے ارکان سے قریبی رابطہ رکھیں۔ پنجاب پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہریوں کے تعاون سے رمضان المبارک کے دوران پرامن ماحول کو یقینی بنایا جائے گا اور شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بازاروں اور مارکیٹوں میں خواتین کو ہراسگی سے محفوظ رکھنے کیلئے لیڈی پولیس اہلکار بھی تعینات کر دیئے گئے ہیں۔